NationalPosted at: Aug 6 2024 7:22PM حج 2024 کی دوران ہندوستانی حجاج کے aمدد کے نام پر پاکستانی بجرنگی بھائی جان کے جھوٹے پروپگنڈے کی حج کمیٹی آف انڈیا نے کی سخت تردید و مذمت
نئی دہلی،6اگست (یواین آئی) حج کمیٹی آف انڈیا کے سی، ای، او اور وزراتِ اقلیتی امور میں ڈائریکٹر ڈاکٹر لیاقت علی آفاقی، آئی، آر، ایس نے سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک فرضی اور گمراہ کُن چلنے والی اُس خبر کی سخت الفاظ میں تردید و مذ مت کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ حج 2024 میں ایک پاکستانی شہری کے ذریعے سعودی عرب میں ہندوستانی حجاج کی جان بچانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ہندوستانی حکومت کے وزیر اقلیتی امور عزت مآب کرن رجیجیو نے اُنھیں ستائشی سرٹیفکٹ جاری کیا ہے۔
حج کمیٹی آف انڈیا کی ایک ریلیز کے مطابق ڈاکٹر آفاقی نے کہا کہ اس خبر کا پہلا جھوٹ تو یہ ہی ہے کہ ہندوستانی حجاج کے ساتھ حج 2024 میں اس طرح کا کوئی حادثہ رونما ہی نہیں ہوا۔ دوسرے حکومتِ ہند نے اپنے حجاج کی مدد کے لیے کثیر تعداد میں ڈاکٹرس، پیرا میڈیکل اسٹاف، حج کوآرڈینیٹر، اسسٹینٹ حج آفیسر، حج اسسٹینٹ اور خادم الحجاج سعودی عرب بھیجے تھے۔ جنھوں نے قدم قدم پر ہندوستانی حجاج کی پوری ذمہ داری اور ایمانداری کے ساتھ مدد کی ہے۔
ڈاکٹر آفاقی نے کہا سماج دشمن عناصر کامیاب حج پالیسی کو نقصان پہچانے اور وزرات اقلیتی امور و حج کمیٹی آف انڈیا کو بد نام کرنے کے لیے اس طرح کی فیک نیوز اور من گھڑت خبروں کے سہارا لے کر جہاں ایک طرف لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں وہیں دوسری طرف سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کرر ہے ہیں ۔ ڈاکٹر آفاقی نے اس خبر کے سلسلے میں تمام افراد کو مطلع کیا ہے کہ یہ خبر بالکل جھوٹی اور خط جعلی ہے۔ خبر گمراہی اور دہشت پھیلانے کی نیت سے چلائی گئی ہے۔ سعودی عرب میں حکومت ہند کی طرف سے تمام ہندوستانی حجاج کے لیے بہترین اور عمدہ انتظامات کیے گئے تھے۔ آپ تمام افراد سے اپیل ہے کہ جھوٹ اور بد نیتی پر مبنی اس خبر پر توجہ نہ دیں۔
یواین آئی۔ایف اے