InternationalPosted at: Nov 4 2024 11:59AM غزہ میں اسرائیلی حملے میں چار بچوں سمیت نو افراد ہلاک
غزہ، 04 نومبر (یو این آئی) جنوبی غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملے میں چار بچوں سمیت نو فلسطینی جاں بحق ہو گئے ۔
مقامی ذرائع اور عینی شاہدین نے اتوار کو چین کی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کو بتایا کہ اسرائیل نے خان یونس شہر کے مشرق میں شیخ ناصر علاقے میں ڈرون سے فلسطینیوں کے ایک اجتماع کو نشانہ بنایا۔ پیرامیڈیکس نے بتایا کہ طبی کارکنوں نے متاثرین کی لاشیں نکالیں اور کئی دیگر کو زخمی حالت میں ہسپتالوں میں داخل کرایا۔دوسری جانب اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ آئی ڈی ایف فوجی وسطی اور جنوبی غزہ میں آپریشنل سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فوجی ہتھیاروں کا پتہ لگا رہے ہیں اور جنگجووں کے ٹھکانوں کو ختم کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ 07 اکتوبر 2023 کو حماس کے جنگجوؤں نے جنوبی اسرائیل کی سرحد میں داخل ہو کر غزہ کی پٹی سے زبردست راکٹ حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 1200 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس دوران حماس کے جنگجوؤں نے 200 سے زائد افراد کو یرغمال بنا لیا تھا۔ اس کے بعد اسرائیل غزہ میں حماس کے خلاف مہم چلا رہا ہے۔
غزہ میں قائم صحت کے حکام نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں میں ابتک 43,341 فلسطینی شہری جاں بحق ہوچکے ہیں۔
یواین آئی۔ م س