NationalPosted at: Nov 11 2024 9:39PM میٹرو نے بائیک ٹیکسی سروس شروع کی، خواتین کے لیے بھی الگ سروس
نئی دہلی، 11 نومبر (یو این آئی) دہلی میٹرو نے مسافروں کے لیے بائیک ٹیکسی سروس شروع کی ہے، جس میں خواتین کے لیے علیحدہ بائیک ٹیکسی سروس بھی شامل ہے۔
دہلی میٹرو کے ترجمان نے کہا کہ میٹرو کی آفیشل ویب سائٹ کی مدد سے اس سروس کے لیے رائیڈ بک کی جا سکتی ہے۔
دہلی میٹرو کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر وکاس کمار نے پیر کو اس سہولت کا افتتاح کیا۔ خواتین کی بائیک ٹیکسی شی رائیڈس کے نام سے اور سب کے لیے عام سہولت آر رائیڈز کے نام سے شروع کی گئی ہے۔
شی رائیڈس خواتین مسافروں کو سہولت کے مطابق محفوظ طریقے سے اپنی منزل تک آزادانہ سفر کا اختیار دیتا ہے۔ ان بائیک ٹیکسی کو خواتین ہی چلائیں گی۔ خواتین کی طرف سے چلائی جانے والی بائیک ٹیکسیاں خواتین مسافروں کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بناتی ہیں۔ یہ الیکٹرک بائک کاربن فوٹ پرنٹ کو کم کرتی ہیں۔
یہ سروس سستی ہے اور اس کا کم از کم چارج 10 روپے رہے گا اور اس کے بعد پہلے 2 کلومیٹر کے لیے 10 روپے فی کلومیٹر اور اس کے بعد 8 روپے فی کلومیٹر رہے گا۔
فرسٹ اینڈ لاسٹ مائل کنیکٹیویٹی انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ شراکت میں شروع کی گئی، بائیک ٹیکسی سروس فی الحال 12 میٹرو اسٹیشنوں سے دستیاب ہے، جن میں دوارکا سیکٹر-21، دوارکا سیکٹر-10، دوارکا سیکٹر-14، دوارکا موڈ، جنک پوری ویسٹ، اتم نگر ایسٹ، راجوری گارڈن، سبھاش نگر، کیرتی نگر، قرول باغ، ملینیم سٹی سینٹر گروگرام اور پالم شامل ہیں۔ یہ سروس صبح 8 بجے سے رات 9 بجے کے درمیان ان اسٹیشنوں سے 3-5 کلومیٹر کے دائرے میں دستیاب ہوگی۔ اس کے بعد ایک ماہ میں 100 سے زائد اسٹیشنوں کو اس سہولت سے کور کیا جائے گا اور باقی اسٹیشنوں کا اگلے تین ماہ میں احاطہ کیا جائے گا۔ اس طرح ڈی ایم آر سی کے تمام 250 میٹرو اسٹیشنوں پر لاسٹ مائل کنیکٹیوٹی مزید مضبوط ہوگی۔
یواین آئی۔الف الف