InternationalPosted at: Aug 6 2024 11:31PM بنگلہ دیشی فوج نے میجر جنرل ضیاء الحسن کو برطرف کیا
ڈھاکہ، 06 اگست (یو این آئی) بنگلہ دیش کی فوج نے منگل کے روز میجر جنرل ضیاءالحسن (معزز افسر جسے میجر ضیاء کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے) کو برطرف کردیا۔
اس کے ساتھ ہی فوج نے کچھ اور افسران کو دوبارہ ذمہ داری سونپ دی ہے۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ایک روز قبل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور بڑے پیمانے پر مظاہرین کی بغاوت کے درمیان ملک چھوڑ دیا تھا۔
انٹر سروس پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ میجر ضیاء، بنگلہ دیشی فوج کے دو اسٹار رینک کے افسر جو نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن مانیٹرنگ سینٹر (این ٹی ایم سی) کے ڈائریکٹر جنرل تھے، انہیں ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ میجر جنرل اے ایس ایم رضوان الرحمان NTMC کے ڈائریکٹر جنرل ہوں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دیگر افسران کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل ایم ڈی سیف عالم کو وزارت خارجہ کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ دریں اثناء لیفٹیننٹ جنرل ایم ڈی مجیب الرحمان کو جی او سی آرمی ٹریننگ اینڈ ڈاکٹرائن کمانڈ جبکہ لیفٹیننٹ جنرل محمد شاہین الحق کو کمانڈنٹ این ڈی سی میں تعینات کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ستمبر 2022 میں میجر جنرل ضیاء الحسن کو نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن مانیٹرنگ سینٹر (NTMC) کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا گیا تھا۔ وہ NTMC کے پہلے ڈائریکٹر جنرل تھے۔ NTMC بنگلہ دیش کی قومی سطح کی انٹیلی جنس ایجنسی ہے، جو معلومات اور مواصلاتی ڈیٹا کی نگرانی، جمع کاری اور ریکارڈنگ کے لیے ذمہ دار ہے۔ NTMC الیکٹرانک مواصلات جیسے فون کالز، ای میلز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو روکنے کے لیے بھی ذمہ دار ہے۔ مسٹر ضیاء کو جولائی 2022 میں بریگیڈیئر جنرل سے میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔
یو این آئی۔ م ش۔