NationalPosted at: Aug 6 2024 7:24PM کل جماعتی میٹنگ میں بنگلہ دیش کی صورتحال پر غور وخوض کیا گیا
نئی دہلی، 06 اگست (یو این آئی) حکومت نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں کل جماعتی میٹنگ میں بنگلہ دیش کےسیاسی بحران پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا اور قومی اتفاق رائے قائم کرنے کی کوشش کی میٹنگ میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بنگلہ دیش کے موجودہ حالات اور بنگلہ دیش میں پیدا ہونے والی صورتحال پر ہندوستان کے موقف کے بارے میں بھی جانکاری دی وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی میٹنگ کی تصاویر بھی مشترک کیں انہوں نے کہا، ’’بنگلہ دیش میں پیدا ہونے والی صورتحال کے سلسلے میں آج پارلیمنٹ میں آل پارٹی میٹنگ میں جانکاری دی گئی۔ متفقہ حمایت اور سمجھ کی تعریف کرتے ہیں۔
ایس جے شنکر کے علاوہ وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو، اپوزیشن کے رہنما راہل گاندھی اور دیگر نے میٹنگ میں شرکت کی۔ سمجھا جاتا ہے کہ میٹنگ میں ہی یہ طےکیا گیا ہے کہ وزیر خارجہ آج سہ پہر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بنگلہ دیش کی صورتحال پر بیان دیں گے۔ وہ سہ پہر 3:30 بجے لوک سبھا میں بیان دیں گے۔
دریں اثنا، کانگریس کے رکن پارلیمنٹ منیش تیواری نے لوک سبھا میں تحریک التوا کا نوٹس دیا ہے، جس میں بنگلہ دیش کی سیاسی صورتحال اور ہندوستان پر اس کے اثر پر بحث کا مطالبہ کیا ہے۔
یواین آئی۔ م س